19

اظہر علی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے پر قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہو گئی ہے۔ ساؤتھ ہیمپٹن کی مشکل کنڈیشنز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیرئیر کی 17ویں سنچری اسکور کرنےوالے اظہر علی کی عالمی درجہ بندی میں 11 درجے ترقی ہوئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ درجہ بندی کے بعد 34ویں پوزیشن پر موجود اظہر علی اب رینکنگ میں 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بابر اعظم نے رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے اظہر علی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 0 اور 18 جبکہ دوسرے میچ کی واحد اننگز میں 20 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اظہر علی نے اپنے 81ویں ٹیسٹ میچ میں حریف باؤلرز کے سامنے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں مدد کی تھی۔

ادھر سیریز کے آخری میچ کی پہلی اننگز میں گیارہ اور دوسری میں 63 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیلنے والے باب راعظم کی حالیہ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن (797 پوائنٹس) برقرار ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (911 پوائنٹس) پہلے، ویرات کوہلی (886پوائنٹس) دوسرے ، مارنس لبوشین (827 پوائنٹس) تیسرے اور کین ولیمسن (812 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سیریز میں پاکستان کی جانب سے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تین درجے ترقی پاکر بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 72 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی رینکنگ میں موجود پاکستان کے ٹیسٹ کھلاڑیوں میں اسد شفیق 26ویں، شان مسعود 29ویں اور عابد علی 59ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ طویل طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔ وہ 8ویں سے 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ ایک درجے تنزلی کے بعد 23ویں، شاہین شاہ آفریدی 33ویں اور نسیم شاہ 57ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کی عالمی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ وہ اب محمد عباس کی جگہ 8ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ اورنیوزی لینڈ کے نیل ویگنار بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں