29

قومی کھیل ہاکی کو بام عروج تک لیجانے کیلئے وزیراعظم میدان میں آگئے،بڑا فیصلہ کر ڈالا

اسلام آباد (شہریار خان/ بیورو رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ بام عروج تک لے جانے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ڈومیسٹک سٹرکچر ٹھیک بنانے کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ سے گفتگو کر رہے تھے

جنہوں نے ان سے یہاں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ہاکی کے فروغ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہاکی فیڈریشن کو ہاکی کی ترویج اور نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے ہدایات دیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ہاکی فیڈریشن کو ملک بھر میں ہاکی کی ضروریات اور ٹیلنٹ کے حوالہ سے بھرپور بریفنگ دینے کی ہدایت کے ساتھ یقین دلایا کہ حکومت قومی کھیل کی مکمل سرپرستی کرے گی اور اسے دوبارہ عوام میں مقبول بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ایچ ایف قیادت نے ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی سطح اور اسلام آباد میں ہاکی اکیڈمی بنانے کی تجویز دی جسے وزیر اعظم نے فوری طور پہ منظور کر لیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ڈومیسٹک سٹرکچر کی تنظیم نو کی جائے اور اس مقصد کے لیے پی ایچ ایف کا آئین تبدیل کرنے کی بھی ضرورت محسوس ہو تو آئین میں تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ملک بھر میں آسٹرو ٹرف بچھانے کے حوالہ سے بھی فیڈریشن سے منصوبہ مانگا ہے اور کہا ہے کہ جہاں جہاں آسٹروٹرف کی ضرورت پڑی حکومت فراہم کرے گی۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں